بھٹکل 13اپریل (ایس او نیوز) پرانی دشمنی کو لے کر ایک شخص پر چھرا گھونپنے کی واردات بھٹکل تعلقہ کے بیلکے دیہات کے نوج نامی مقام پر پیش آئی ہے جس کے نتیجے میں اشوک نائک نامی شخص شدید زخمی ہوگیا ہے۔ واقعے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے پولس نے دو لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے، البتہ پولس کو مزید ایک شخص کی تلاش ہے۔
زخمی اشوک نائک نے مضافاتی پولس تھانہ میں شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی شام کو اس کی والدہ مادیوی نائک کنویں سے پانی لانے کے لئے جارہی تھی کہ اچانک ناگیش ناگپا نائک نے اس کی ماں کو روک دیا اور اُس کے خلاف زبان درازی کرتے ہوئے گالیاں بکنا شروع کیا، اشوک نائک کے مطابق جب وہ مداخلت کرتے ہوئے ناگیش کو روکنے کی کوشش کی تو ناگیش نے اچانک چھری نکالی اور اس کے سینے میں گھونپ دیا، ہاتھ سے روکنے کی کوشش کی تو ہاتھ میں بھی چھرا ماردیا، جس کے نتیجے میں ہاتھ بھی زخمی ہوگیا۔
فی الوقت اشوک نائک کوزخمی حالت میں بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اشوک نے بتایا کہ چھرا گھونپنے کے دوران نارائن ناگپا نائک اور ناگیش ویکنٹپا نائک نے بھی ناگیش ناگپا نائک کی مدد کی تھی۔
شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے فوری طور پر چھرا گھونپنے والے ناگیش ناگپا نائک اور اس کے ایک ساتھی نارائن ناگپا نائک کو گرفتار کرلیا ہے۔ مضافاتی پولس واقعے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔